غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق براہ راست ٹیلی ویژن فوٹیج میں دکھایا گیا کہ حماس نے غزہ کے علاقے رفح میں 2 اسرائیلی یرغمالیوں، تل شوہم اور ایورا مینگیسٹو کو انٹرنیشنل ریڈ کراس کے نمائندوں کے حوالے کر دیا۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق فلسطینی گروپ نے کہا کہ 6 یرغمالیوں کی رہائی جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے اس کے عزم کی عکاسی کرتی ہے اور اسرائیل پر معاہدے میں تاخیر کا الزام لگایا۔حماس کا کہنا تھا کہ آج دشمن کے 6 قیدیوں کی حوالگی کے دوران عوام کی بڑی تعداد کی موجودگی، دشمن اور اس کے حامیوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام اور ان کی مزاحمتی تحریک کے درمیان مضبوط تعلق اور ہم آہنگی موجود ہے۔حماس نے معاہدے کے دوسرے مرحلے کے لیے اپنی آمادگی کا بھی اظہار کیا اور قیدیوں کے تبادلے کے جامع عمل کو مکمل کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اعادہ کیا، جس سے مستقل جنگ بندی اور قبضے کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔