شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس،رمضان سے قبل شوگر سٹال لگانے کی ہدایت

 27 رمضان تک چینی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا، سٹالز پر چینی 130روپے فی کلو فروخت ہوگی
وفاقی وزیر رانا تنویر کی پی ایس ایم اے اور صوبائی حکومتوں کو غریبوں تک چینی کی رسائی یقینی بنانے کی ہدایت 
 اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر صنعت و پیداوار نے تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو میونسپل سطح پر چینی کے سٹالز لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27رمضان تک سٹالز پر چینی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور سٹالز پر چینی 130روپے فی کلو فروخت ہوگی۔وفاقی وزیر کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس ہوا۔اعلامیہ کے مطابق سندھ میں صوبائی حکومتوں کے تعاون سے 230شوگر سٹالز لگائے جائیں گے جبکہ خیبر پختونخوا میں چینی کے سٹالز کے لیے 405سیلنگ پوائنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ پنجاب اور بلوچستان میں بھی چینی کے سیکڑوں سٹالز لگائے جائیں گے۔صوبائی حکومتوں کو میونسپل سطح پر سکیورٹی، صفائی اور ہجوم کے انتظام کی ذمہ داری دی گئی ہے جبکہ وفاقی حکومت کسی بھی ممکنہ مسائل کے حل کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے گی۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ میونسپل سطح پر سٹالز قائم کرنے کا مقصد عام لوگوں کو فائدہ پہنچانا ہے، 27رمضان تک سٹالز پر چینی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور سٹالز پر چینی 130روپے فی کلو فروخت ہوگی۔وفاقی وزیر نے پی ایس ایم اے اور صوبائی حکومتوں کو غریبوں تک چینی کی رسائی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔