سہولت بازاروں میں اشیا خورونوش کے سٹال لگانے کی ہدایت

ساہیوال (خصوصی رپورٹ) ڈپٹی کمشنر سمیع آ فاروق نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو اشیائے خوردونوش کی فراہمی، افطار سہولیات اور راشن کی تقسیم میں ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا تاکہ کوئی بھی شہری مہنگائی یا معاشی کمزوریوں کی وجہ سے مشکلات کا شکار نہ ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان نگہبان پروگرام کے تحت ضلع بھر میں افطار دسترخوان، رمضان سہولت بازاروں اور راشن کارڈ ڈسٹری بیوشن سنٹرز کے قیام کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں‘‘افطار دسترخوان مریم کے مہمان’’کے تحت 16 افطار دسترخوان جبکہ دو رمضان سہولت بازار قائم کیے جائیں گے جو 30 رمضان تک جاری رہیں گے۔ ہر افطار دسترخوان پر روزانہ ہزاروں روزہ داروں کے لیے افطار کا بندوبست ہوگا تاکہ پورے رمضان المبارک کے دوران مستحق اور عام شہریوں کو مفت کھانے کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر سمیع آ فاروق نے ہدایت کی کہ سہولت بازاروں میں چکن، بیف، مٹن سمیت سبزی و فروٹ کے زیادہ سے زیادہ اسٹالز لگائے جائیں۔