ٹیکس نیٹ میں موجود ریٹیلرز پر مزید بوجھ نہیں ڈالا جائے گا شہبازشریف

ایسے تمام ریٹیلرز جو ٹیکس نہیں دیتے ان کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں، استعمال شدہ اشیا ء کی آڑ میں  سمگلنگ کے سد باب کیلئے بھی اقدامات تیز کر رہے ہیں: ریٹیل بزنس کونسل  کے وفد سے گفتگو
پاکستان کی با صلاحیت افرادی قوت ملک کا اصل اثاثہ ہے‘ نرسنگ کی تربیت کیلئے اداروں کی تعداد کو بڑھایا جائے گا‘نیووٹیک کو نوجوانوں کی پیشہ وارانہ تربیت کیلئے ہر قسم کی فنڈنگ فراہم کرینگے: بین الوزارتی جائزہ اجلاس میں خطاب
مقدمات کی تفویض  اور انتظام کا جدید نظام وقت کا تقاضا تھا،  نظام شفافیت اور بروقت  انصاف کی فراہمی میں اہم کردار  ادا کرے گا ،   کھربوں روپے کی لوٹی رقم قومی  خزانے میں واپس لائی جائے گی :وزیراعظم کی تقریب میں گفتگو

 اسلام آباد(آئی این پی‘آئن لائن )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے  ایسے رٹیلرز جو ٹیکس نیٹ میں موجود ہیں ان پر ٹیکس کا مزید بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔وزیر اعظم سے پاکستان ریٹیل بزنس کونسل کے چیئرمین زید بشیر کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، وزیرِ اعظم نے ریٹیلرز کے وفد کا خیرمقدم کیا اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی،وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو ریٹیلرز کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا  ایسے ریٹیلرز جو ٹیکس نیٹ میں موجود ہیں ان پر ٹیکس کا مزید بوجھ نہیں ڈالا جائے گا، ایسے تمام ریٹیلرز جو ٹیکس نہیں دیتے ان کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں، استعمال شدہ اشیا کی آڑ میں ہونے والی سمگلنگ کے سد باب کیلئے بھی اقدامات تیز کر رہے ہیں۔دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف کی صدارت میں نوجوان افرادی قوت کی پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے بین الوزارتی جائزہ اجلاس ہوا‘اس موقع پر  شہبازشریف نے کہا  پاکستان کی با صلاحیت افرادی قوت پاکستان کا اصل اثاثہ ہے‘ نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر مطلوبہ پیشہ ورانہ ہنر سے لیس کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے‘پاکستان میں نرسنگ کی تربیت کیلئے اداروں کی تعداد کو بڑھایا جائے‘نیووٹیک کو نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت کیلئے ہر قسم کی فنڈنگ فراہم کی جائے گی‘نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ تربیت کیلئے صنعتوں اور مقامی و بین لاقوامی مارکیٹ کی کھپت کو مد نظر رکھا جائے۔شہباز شریف نے کہا کہ نیووٹیک کو نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت کیلئے ہر قسم کی فنڈنگ فراہم کی جائے گی۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے مقدمات  کی تفویض   انتظامی  نظام کا  اجرا کر دیا ۔ ا فتتاحی تقریب سے  خطاب کرتے ہوے انہوں نے کہا مقدمات کی تفویض  اور انتظام کا جدید نظام وقت کا تقاضا تھا ، نیا نظام شفافیت اور بروقت  انصاف کی فراہمی میں اہم کردار  ادا کرے گا ،  کھربوں روپے کے  ٹیکس مقدمات عشروں سے زیر التوا ہیں ۔ مقدمات کی تفویض  اور انتظام کا جدید نظام وقت کا تقاضا تھا۔   نظام کے اجرا  میں  تعاون کرنے پر  کینیڈا اور  اقوام متحدہ کے مشکور ہیں ۔ انہوں نے کہا   نیا نظام شفافیت اور بروقت  انصاف کی فراہمی میں اہم کردار  ادا کرے گا ۔  انہوں نے کہا کہ  ایف  بی آر میں ٹریک اینڈ   ٹریس سسٹم متعارف کرنے   کا مقصد  واجب الادا ٹیکس  کا   حصول تھا ۔  کئی دہائیوں سے ہمارا نظام انحطاط کا شکا ر تھا ۔   جدید ٹیکنالوجی سے لیس نظام   مقدمات کی ٹریک اینڈ ٹریس میں معاون ثابت ہو گا ۔