معیشت کے اہم اشاریئے درست سمت میں گامزن ہیں: وزیرخزانہ

    اسلام آباد (یواین پی) وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ حکومت کلی معیشت کے استحکام کوبرقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے، کاروبار و سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر توجہ دے رہے ہیں، وزیراعظم کے حالیہ دورہ چین سے دوطرفہ معاشی تعلقات کومزید فروغ حاصل ہوگا،افراط زرکوقابومیں رکھنے کیلئے موثرنگرانی کی جارہی ہے۔انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں پاکستان بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات میں کہی۔ وفد کی قیادت کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جاوید قریشی اور چیئرپرسن ڈاکٹر زیلاف منیرکررہے تھے۔وزیر خزانہ نے وفد کا خیرمقدم کیااورانہیں پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔انہوں نے کہاکہ معیشت کے اہم اشاریے درست سمت میں گامزن ہیں۔وزیرخزانہ نے ریاستی ملکیتی اداروں میں اصلاحات، نجکاری پروگرام اور عوامی شعبے کو بہتر بنانے سمیت حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے کاذکرکیا اورکہاکہ ان اقدامات سے طویل المدتی استحکام کے لیے بنیاد فراہم ہورہی ہے۔