لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں طالب علم کے جاں بحق ہونے کے واقعے میں مقتول عبداللہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ہے، جس کے مطابق 17 سالہ عبداللہ کی موت تیز دھار آلے کے وار سے ہوئی۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تیز دھار آلہ عبداللہ کے سینے پر لگا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق موت کی حتمی وجہ جاننے کے لیے نمونے فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ انویسٹی گیشن پولیس نے واقعے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ ایک نجی اکیڈمی میں دورانِ تعلیم طلبہ کے درمیان جھگڑے کے بعد پیش آیا، جہاں چند نوجوانوں نے اپنے ساتھی طالب علم کو باہر بلا کر اس پر حملہ کر دیا۔واقعے میں جاں بحق ہونے والا 17 سالہ عبداللہ ٹریفک وارڈن کا بیٹا تھا۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔