لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں اکیڈمی کے باہر طلبہ کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے دوران 16 سالہ طالب علم عبداللہ جاں بحق ہو گیا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی کینٹ اور ایس ڈی پی او باغبانپورہ بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ ایس پی کینٹ کی ہدایت پر ایس ایچ او ہربنس پورہ محمد عمران نے برق رفتار کارروائی کرتے ہوئے ملزمان عمر، علی اور انشال کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔پولیس کے مطابق زخمی طالب علم عبداللہ کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس اور فرانزک ٹیم نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لیے، جبکہ لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ڈیڈ ہاؤس منتقل کر دیا گیا۔
ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ مقتول کے چچا حاجی عبید کی مدعیت میں نامزد ملزمان سعد، عمر، علی، انشال اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور تمام ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔