لاہور(کرائم رپورٹر)کینٹ ڈویڑن میں کرسمس کی دعائیہ تقریبات کے پیشِ نظر ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ نے گرجا گھروں کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایس پی کینٹ جوانوں کے ہمراہ فیلڈ میں موجود رہے اور ڈیوٹی پر مامور افسران و اہلکاروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔ترجمان پولیس کے مطابق ایس پی کینٹ نے گرجا گھروں کی سکیورٹی کو چیک کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو بریف کیا اور چرچ انتظامیہ سے مشاورت کے بعد بھرپور حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکل افسران اپنے اپنے علاقوں میں سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ایس پی کینٹ کے مطابق گرجا گھروں کی چھتوں پر اہلکار اور افسران تعینات کیے گئے ہیں جبکہ دعائیہ تقریبات میں آنے والے شرکاء کو سخت چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ پارکنگ کو گرجا گھروں سے دور رکھا گیا ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کا عمل بھی جاری ہیایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ نے اہلکاروں کو مشکوک افراد، سامان اور اطراف کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دعائیہ تقریبات کے اختتام تک تمام اہلکار اپنی اپنی ڈیوٹی پوائنٹس پر موجود رہیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔