پاکستان کے مختلف علاقوں میں موسمی حالات مزید سرد اور خشک ہو گئے ہیں۔
شہر کے مختلف حصوں جیسے ٹھوکر نیاز بیگ، ملتان روڈ، شاہ پور کانجراں اور چوہنگ میں ہلکی بارش شروع ہو گئی ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور حد نگاہ کم ہو گئی ہے، جبکہ سڑکیں پھسلن کا شکار ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 21 ڈگری تک جا سکتا ہے۔دوسری جانب خیبرپختونخوا، بلوچستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں شدید بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ پشاور، ہنگو اور چارسدہ میں بارش نے سردی کو مزید بڑھا دیا ہے، جب کہ چترال، کالام، مہوڈنڈ اور مالم جبہ میں برفباری سے علاقے سفید چادر اوڑھ چکے ہیں۔ وادی نیلم میں بھی بارش ہوئی ہے، اور بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے، جس سے سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔
بلوچستان میں بھی طویل انتظار کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہوا ہے۔ چمن، قلعہ عبداللہ اور توبہ اچکزئی میں بارش کے ساتھ تیز ہوا چلنے سے بجلی کے کھمبے، دیواریں اور درخت گر گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، اور سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔