بانی پی ٹی آئی کا خط علاج معالجے سے متعلق پروپیگنڈے سے زیادہ کچھ نہیں، وزیر اطلاعات پنجاب

بانی پی ٹی آئی کا خط علاج معالجے سے متعلق پروپیگنڈے سے زیادہ کچھ نہیں، وزیر اطلاعات پنجاب

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے صحت اور علاج معالجے سے متعلق خط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خط طبی سہولیات کے حوالے سے پروپیگنڈے کے سوا کچھ نہیں۔

ان کا دعویٰ ہے کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل میں مسلسل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور مختلف مواقع پر ماہر ڈاکٹروں نے ان کا معائنہ کیا ہے۔اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے تحریری طور پر اپنے دستخط کے ساتھ این آر او مانگا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسروں کی بیماریوں کا مذاق اڑانے والے آج خود جیل میں اپنی صحت کے حوالے سے شکایات کر رہے ہیں۔وزیر اطلاعات پنجاب نے ماضی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف کے سیل سے سانپ نکلنے کی بات ہو یا بیگم کلثوم نواز کے اسپتال پر دھاوا بولنے کا واقعہ، ان کے بقول آج مخالفین خود اسی نوعیت کے حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے جیل میں طبی سہولیات نہ ملنے کے دعوؤں کو بھی مسترد کیا۔

عمران خان کے طبی معائنے سے متعلق تفصیلات
عظمیٰ بخاری کے مطابق اڈیالہ جیل میں قید کے دوران عمران خان کا آٹھ مرتبہ باقاعدہ طبی ماہرین نے معائنہ کیا، جبکہ جیل میں تعینات طبی عملہ روزانہ تین مرتبہ ان کے بنیادی طبی اشاروں، جن میں بلڈ پریشر اور دیگر اہم علامات شامل ہیں، کی جانچ کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مختلف اوقات میں خصوصی میڈیکل بورڈز نے بھی عمران خان کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اگست 2024 میں سر درد اور بے چینی کی شکایت پر ماہر امراض قلب نے ان کا معائنہ کیا اور ادویات تجویز کیں۔وزیر اطلاعات کے مطابق فروری 2026 میں پانچ رکنی میڈیکل ٹیم نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کی آنکھوں اور بلڈ پریشر کا تفصیلی معائنہ کیا، جبکہ 10 اگست 2026 کو چار رکنی میڈیکل بورڈ نے ان کا طبی جائزہ لینے کے بعد بلڈ پریشر کی دوا تبدیل کی۔عظمیٰ بخاری نے مزید بتایا کہ 20 اور 21 اگست 2026 کی درمیانی شب عمران خان کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا، جہاں ماہرین امراض چشم اور میڈیکل بورڈ نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا اور فٹنس رپورٹ مرتب کی۔ان کے بقول ستمبر 2026 میں پمز اور شفا انٹرنیشنل اسپتال کے ڈاکٹروں پر مشتمل خصوصی ٹیم نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کے بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور بینائی کا معائنہ بھی کیا۔

پمز منتقلی اور آنکھوں کا علاج
وزیر اطلاعات پنجاب نے بتایا کہ 10 اور 11 نومبر 2026 کی درمیانی شب عمران خان کو فالو اپ علاج کے لیے دوبارہ پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ماہرین امراض چشم نے ان کی آنکھ کا معائنہ کرنے کے بعد اینٹی وی ای جی ایف (Anti-VEGF) انجیکشن لگایا۔پمز انتظامیہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق بھی عمران خان کو اسی دوران آنکھ کے علاج کے لیے اسپتال لایا گیا تھا، جہاں ضروری طبی جائزے اور احتیاطی تدابیر کے بعد انجیکشن لگایا گیا۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مختلف میڈیکل بورڈز اور طبی ٹیموں میں ملک کے معروف ڈاکٹرز شامل رہے ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر عارف خان، ڈاکٹر فرقاد عالمگیر، ڈاکٹر ندیم قریشی اور ڈاکٹر اختر علی بندیشہ کے نام لیتے ہوئے کہا کہ ان ڈاکٹروں نے عمران خان کا طبی معائنہ کیا۔ان کے مطابق الشفا اور پمز کے متعدد طبی ماہرین بھی وقتاً فوقتاً ان کا معائنہ کرتے رہے ہیں، جبکہ عمران خان کے ذاتی معالجین ڈاکٹر عاصم یوسف اور ڈاکٹر فیصل سلطان بھی علاج اور طبی رپورٹس کے جائزے کے عمل سے وابستہ رہے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان کو جو طبی اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، وہ ملک بھر میں کسی دوسرے قیدی کو دستیاب نہیں۔

بشریٰ بی بی کے سیل میں سانپ نکلنے کے دعوے پر ردعمل
وزیر اطلاعات پنجاب نے بشریٰ بی بی کی جانب سے اپنے سیل میں چوہے، کاکروچ اور سات چھوٹے سانپ نکلنے کے دعوے کو بھی بے بنیاد قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کی عدالتی درخواست میں بیان کی گئی باتوں کی جیل حکام نے فوری تردید کی ہے۔عظمیٰ بخاری نے اس معاملے پر طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی دیہات سے تعلق رکھتی ہیں اور انہیں معلوم ہوگا کہ مون سون کے موسم میں زمین سے اکثر کینچوے نکل آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بشریٰ بی بی کو کینچوے ہی سانپ محسوس ہوئے تو اس میں حکومت کا کوئی قصور نہیں۔

صحت اور طبی سہولیات کا معاملہ زیرِ بحث
واضح رہے کہ عمران خان کی صحت، جیل میں علاج معالجے اور طبی سہولیات تک رسائی کا معاملہ حالیہ دنوں میں سیاسی اور قانونی بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے اپنے خط میں صحت سے متعلق خدشات اور طبی سہولیات کے معاملے پر مؤقف اختیار کیا ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے مسلسل یہ کہا جا رہا ہے کہ انہیں ضرورت کے مطابق طبی معائنہ اور علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔