لاہور میں سکول وینز، رکشوں اور بسوں میں اوورلوڈنگ اور گیس سلنڈر کے استعمال کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ہدایت دی ہے کہ بچوں کو سکول لانے اور لے جانے والی کسی بھی گاڑی، ویگن یا رکشہ میں ایل پی جی سلنڈر استعمال نہیں ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ننھے بچوں کے تحفظ کے پیش نظر سخت ایکشن لیا جائے گا، اور کوئی بھی رکشہ ڈرائیور آگے والی سیٹ پر کسی بچے کو بٹھانے کی اجازت نہیں دے گا۔ رکشوں کے سائیڈز پر بیگ یا دیگر اشیاء لٹکانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ مزید برآں، کینال روڈ پر چلنے والے رکشوں میں بھی آگے والی سیٹ پر کسی کو بٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور پک اپ ڈرائیور فرنٹ سیٹ پر ایک سے زائد سواری نہیں بٹھائیں گے۔ سی ٹی او لاہور نے ڈی ایس پیز اور ایجوکیشن یونٹ کو ہدایت دی ہے کہ وہ سکول انتظامیہ اور والدین کو آگاہی مہم چلائیں اور والدین اپنی ذمہ داری سمجھیں تاکہ بچوں کو محفوظ اور ذمہ دارانہ سواری فراہم کی جا سکے۔