سندھ کے سینیئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ کراچی کے لیے بایو گیس پر چلنے والی بسوں کی خریداری کا عمل باضابطہ شروع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے یہ باتیں سندھ کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کہی ہے، جس میں ایشین ڈولپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کے نمائندے بھی شامل تھے۔ ملاقات میں ٹرانسپورٹ سے متعلق جاری منصوبوں اور مستقبل کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ پاکستان میں پہلی بار بایو گیس سے چلنے والی بسیں چلانے جا رہی ہے، جن کا معیار بین الاقوامی سطح کا ہوگا۔ ان بسوں میں جدید ٹیکنالوجی شامل ہوگی اور یہ ماحول دوست ہونگی۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میں ماحول دوست بسوں کے لیے بایو گیس پلانٹ کا منصوبہ جلد شروع کیا جائے گا، جو ماحولیاتی آلودگی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ بایو گیس اور ای وی گاڑیاں ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ اس اقدام کا مقصد کراچی کے ٹرانسپورٹ نظام کو جدید اور ماحول دوست بنانا ہے۔