جائیداد فروخت کرکے ہتھیائے 52 لاکھ مدعی کو واپس

داتا دربار پولیس نے جدید تفتیش سے رقم بر آمد کرکے قانونی کارروائی مکمل کرلی
بھائی نے گونگے ، بہرے بھائیوں کی زمین فروخت کرکے رقم ہڑپ لی تھی 
لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی انویسٹی گیشن سٹی فرحت عباس نے دفتر میں منعقدہ تقریب کے دوران مالِ مسروقہ مدعی مقدمہ کے حوالے کردیا۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ داتا دربار نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم سے مالِ مسروقہ بر آمد کیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے دھوکہ دہی سے اپنے گونگے بہرے بھائیوں اور بہنوں کی جائیداد فروخت کرکے 52 لاکھ روپے ہتھیا لیے تھے۔ انویسٹی گیشن پولیس نے جدید تفتیشی طریقہ کار اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے رقم بر آمد کی اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مدعی مقدمہ کے سپرد کردی۔ مالِ مسروقہ واپس ملنے پر مدعی مقدمہ نے انویسٹی گیشن پولیس لاہور کا شکریہ ادا کیا اور پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔ ایس پی انویسٹی گیشن سٹی فرحت عباس نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور نے کہا کہ قانون کی بالادستی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے انویسٹی گیشن پولیس لاہور ہمہ وقت کوشاں ہے۔ شہریوں کو انصاف کی فراہمی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف م ئوثر کارروائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔