چوری کے ملزمان کی مدعی مقدمہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں،پولیس گرفتاری میں ناکام

گھر سے قیمتی اشیاء سمیت ایک کروڑ سے زائد کی چوری میںملزمان شاہ نواز خان اور سونیا شاہ نواز براہ راست ملوث
 مریم ممدوٹ کی وزیراعظم اورآئی جی پنجاب کو نوٹس لینے ،ملزمان کی گرفتاری اور جان و مال کے تحفظ کی فراہمی کی اپیل

 لاہور ( کرائم رپورٹر ) تھانہ ریس کورس پولیس چوری سمیت مختلف دفعات کے تحت دو مقدمات درج کرنے کے باوجودملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام۔ با اثر ملزمان نے مقدمہ کی پیروی کرنے پر معروف سماجی و سیاسی شخصیت مریم ممدوٹ جو کہ مدعیہ مقدمہ بھی ہیں کو جان سے مار دینے  کی دھمکیاں دینا شروع کردیں۔ مدعیہ مقدمہ مریم ممدوٹ نے اعلیٰ سرکاری و پولیس حکام سے ملزمان کی فوری گرفتاری ، مسروقہ سامان کی برآمدگی اور جان و مال کے تحفظ کی اپیل کی ہے۔تفصیل کے مطابق حبیب اللہ روڈ ڈیوس روڈ کی رہائشی مریم ممدوٹ نے پولیس کو  درخواست دی کہ دو مختلف اوقات میں جب وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ بیرون ملک تھی، ملزمان نے انکے گھر سے قیمتی اشیاء جن میں وڈ فلورنگ کا قیمتی سامان سرفہرست ہے کمروں کے تالے توڑ کر چرا لیا، سامان کی مالیت تقریباً ایک کروڑ روپے بنتی ہے۔ مریم ممدوٹ نے پولیس کو بتایا کہ اس چوری کی مذکورہ وارداتوں میں ملزمان شاہ نواز خان اور سونیا شاہ نواز براہ راست ملوث ہیں اور اب وہ انہیں مقدمے کی پیروی کرنے پر سنگین نتائج اور جان سے مار دینے کی دھمکیاں دے رہے ہیں‘ملزمان انکی جائیداد بھی ہڑپ کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کو یا ان کے اہل خانہ میں سے کسی کو جانی و مالی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری ملزمان پر ہوگی۔مدعی مقدمہ نے وزیر اعظم اور آئی جی پنجاب سے واقعہ کا نوٹس لے کر جان و مال کے تحفظ کی فراہمی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کی اپیل کی ہے۔