عبداللہ طاہر قتل : شوٹرز ملک سے فرار

ارسلان، سکندر اور ذیشان غیر قانونی راستے سے بیرون ملک فرار ، گرفتاری کیلئے علاقہ غیر جانیوالی ٹیم واپس آگئی
لاہور (کرائم رپورٹر) گلبرگ کے علاقے میں پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر کے قتل میں ملوث شوٹرز کے مبینہ طور پر ملک سے فرار ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ سی سی ڈی ذرائع کے مطابق ملزمان ارسلان، سکندر اور ذیشان مبینہ طور پر غیر قانونی راستے سے ملک سے باہر فرار ہوئے ہیں۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق 29 جولائی کو گلبرگ میں عبداللہ طاہر پر قاتلانہ حملے کے بعد مبینہ ملزمان علاقہ غیر چلے گئے تھے۔ شوٹرز کی گرفتاری کے لیے علاقہ غیر جانے والی خصوصی ٹیم بھی مبینہ طور پر خالی ہاتھ واپس لوٹ چکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ ملزمان کے کالعدم تنظیموں سے رابطے تھے، جس کی وجہ سے وہ ممکنہ طور پر بارڈر کراس کرنے میں کامیاب ہوئے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق مرکزی حملہ آوروں کی گرفتاری نہ ہونے کے باعث سی سی ڈی تاحال مرکزی ملزمان کے کردار کا حتمی تعین نہیں کرسکی۔ حکام کی جانب سے واقعے کے مختلف پہلو ئوں کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ مبینہ شوٹرز کی گرفتاری اور ان کے فرار سے متعلق مزید شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔