ستو کتلہ اور اسلام پورہ میں ملزموں کی فائرنگ، فرار ساتھیوں کی تلاش
لاہور (کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں مختلف مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔ پولیس نے زخمی ڈاکوئوں کو ہسپتال منتقل کرکے فرار ہونے والے ساتھیوں کی تلاش شروع کردی۔ ستو کتلہ پولیس نے ناکے پر دو موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے رکنے کی بجائے پولیس پر سیدھی فائرنگ کردی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کا تعاقب کیا، اس دوران ایک ملزم اپنے ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ زخمی ملزم کی شناخت محمد حسن سہیل کے نام سے ہوئی جو ڈکیتی سمیت دیگر سنگین مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے۔ دوسرا مبینہ پولیس مقابلہ اسلام پورہ کی حدود میں ہوا جہاں پولیس کی جانب سے دو موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ملزمان نے واپس مڑتے ہوئے فائرنگ شروع کردی اور تیز رفتاری سے فرار ہونے لگے۔ اسلام پورہ پولیس نے زمین پر لیٹ کر اور دیوار کی آڑ لیتے ہوئے حفاظت خود اختیاری اپنائی، اس دوران ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے تیز رفتاری کے باعث دیوار سے ٹکرا کر گر گئے۔ ایک ملزم موقع سے فرار ہوگیا جبکہ ایک اپنے ساتھی کی فائرنگ سے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جس کی شناخت شہباز کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزم 15 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ نکلا جو کم عمر بچوں کی مدد سے موٹر سائیکل چوری کرتا تھا۔ پولیس نے دونوں زیرحراست ڈاکوئوں کو ہسپتال منتقل کرکے فرار ہونے والے ساتھیوں کی تلاش شروع کردی۔