مبینہ مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، دوسرا زخمی حالت میں گرفتار

جمشید حمید پولیس حراست سے فرار کی کوشش میں ساتھیوں کی فائرنگ سے ماراگیا
گوجرانوالہ ،کامونکے(خصوصی رپورٹ)مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں میں ایک خطرناک ڈاکو ہلاک، دوسرا زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ۔پولیس کے مطابق ملزم جمشید حمید جو گوجرانوالہ کے تھانہ فیروزوالہ میں راہزنی کے مقدمہ میں ریمانڈ پر تھا، پولیس حراست سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا جبکہ ملزم کے تین نامعلوم ساتھی اسے چھڑوانے کیلئے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔دوسری جانب تھانہ صدر کامونکی کے علاقہ گھنیاروڈ پر پولیس کی گزشتہ رات ناکہ بندی کے دوران بین الاضلاعی ریکارڈ یافتہ ملزم رضوان ارشد کو گرفتار کر لیا گیا جو فرار کی کوشش میں پولیس کے تعاقب پر موٹر سائیکل سے گر کر زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم رہزنی و چوری کی 60 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے ، اسکے قبضے سے پستول برآمد کیا گیا جبکہ ملزم کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔