ہنجروال کی رہائشی 38 سالہ فائزہ بابر کو شوہر نے طلاق کا نوٹس بھجوایا تھا،زہریلی گولیاں کھا لیں
لاہور (کرائم رپورٹر) ہنجروال میں گھریلو لڑائی جھگڑے پر 38 سالہ خاتون نے مبینہ طور پر زہریلی گولیاں کھا لیں، جس سے اس کی حالت تشویشناک ہوگئی اور بعدازاں ہسپتال میں دم توڑ گئی۔ پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کرکے قانونی کارروائی شروع کردی۔ ایدھی ترجمان کے مطابق ہنجروال کی رہائشی 38 سالہ فائزہ بابر کے اپنے شوہر سے گھریلو اختلافات رہتے تھے، جبکہ شوہر کی جانب سے طلاق کا نوٹس بھی بھجوایا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق واقعے کے بعد خاتون کی حالت بگڑ گئی اور اسے بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہوسکی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردی اور واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔