پاکستان کی بیٹنگ لائن پہلی اننگ میں 171 رنز کے بعد دوسری اننگز میں 135 رنز پر ڈھیر‘ہیری بروک، جو روٹ اور انگلش باؤلرز چھا گئے
لیڈز (آن لائن) انگلینڈ نے ہیڈنگلے ٹیسٹ میں پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد اننگز اور 103 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 171 رنز پر ڈھیر ہونے کے بعد دوسری اننگز میں بھی انگلش فاسٹ باؤلرز کے سامنے مزاحمت نہ کرسکی اور پوری ٹیم صرف 135 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔238 رنز کے خسارے کے بعد پاکستان نے دوسری اننگز شروع کی تو انگلش باؤلرز نے ایک مرتبہ پھر پاکستانی بیٹنگ کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔ پاکستان کے ابتدائی اور درمیانی بلے باز یکے بعد دیگرے پویلین واپس لوٹتے رہے۔ شان مسعود 29، محمد رضوان 41 اور دیگر بلے باز معمولی مزاحمت کے بعد آؤٹ ہوگئے، جبکہ امام الحق دوسری اننگز میں صفر پر پویلین لوٹے۔ پاکستان کی پوری ٹیم 37.3 اوورز میں 135 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔