سری لنکا کے سابق صدر رانیل وکرما سنگھے ریاستی فنڈز کے غلط استعمال کے الزام میں گرفتار

سری لنکا کے سابق صدر رانیل وکرما سنگھے ریاستی فنڈز کے غلط استعمال کے الزام میں گرفتار

کولمبو: سری لنکا کے سابق صدر اور چھ بار وزیر اعظم رہنے والے رانیل وکرما سنگھے کو ریاستی فنڈز کے غلط استعمال کے الزام میں محکمہ سی آئی ڈی نے گرفتار کرلیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 76 سالہ وکرما سنگھے کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ کولمبو میں سی آئی ڈی کے دفتر اپنے لندن دورے کے حوالے سے بیان ریکارڈ کرانے پہنچے۔ یہ دورہ انہوں نے اپنی اہلیہ کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے کیا تھا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس ترجمان نے فوری طور پر اس گرفتاری کی تصدیق نہیں کی جبکہ وکرما سنگھے کے دفتر کی جانب سے بھی اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔یاد رہے کہ رانیل وکرما سنگھے سری لنکا کے چھ بار وزیر اعظم رہ چکے ہیں اور 2022 میں انہیں اس وقت صدر بنایا گیا جب ملک شدید معاشی بحران سے دوچار تھا۔

عوامی احتجاج اور بدحالی کے باعث اُس وقت کے صدر گوٹابایا راجا پکشے کو استعفیٰ دینا پڑا اور وہ ملک چھوڑنے پر مجبور ہوگئے تھے۔وکرما سنگھے ایک نمایاں سیاسی و کاروباری گھرانے میں پیدا ہوئے اور 1978 میں محض 29 برس کی عمر میں اپنے چچا اور اس وقت کے صدر جونیئس جے وردھنے کی کابینہ میں سب سے کم عمر وزیر کے طور پر شامل ہوئے۔ بعد ازاں 1994 میں پارٹی کے کئی سینئر رہنماؤں کے قتل کے بعد انہوں نے یونائیٹڈ نیشنل پارٹی (UNP) کی قیادت سنبھالی۔