سری لنکا کے سابق صدر مہندا راجا پاکسے کی اہلیہ اور سابق خاتون اول شرانتی راجا پاکسے کو مبینہ بدعنوانی اور عطیات کے فنڈز کے غلط استعمال کی تحقیقات کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔
حکام کے مطابق شرانتی راجا پاکسے پر الزام ہے کہ انہوں نے خاتون اول کے دور میں اپنے خیراتی ادارے کے لیے موصول ہونے والے عطیات کو مبینہ طور پر غلط استعمال کیا۔ پولیس نے ان سے ان کی رہائش گاہ پر پوچھ گچھ کی، جس کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا گیا۔عدالت نے زیرِ التوا تحقیقات کے پیش نظر شرانتی راجا پاکسے کو ایک ہفتے کے لیے حراست میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔ان پر الزام ہے کہ ان کے خیراتی ادارے کو سرکاری اسپتال کے لیے اسکینر کی خریداری کے مقصد سے اسٹیٹ بینک سے عطیہ کی صورت میں رقم فراہم کی گئی تھی، تاہم اس رقم کے مبینہ غلط استعمال کی تحقیقات جاری ہیں۔اس معاملے میں اس وقت کے اسٹیٹ بینک کے سربراہ کو بھی خیراتی ادارے کو رقم جاری کرنے کے طریقہ کار میں مبینہ رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں عدالت نے انہیں ضمانت پر رہا کر دیا۔