سری لنکا میں زائرین کی بس کھائی میں گرنے سے خوفناک سانحہ، 21 افراد جاں بحق

سری لنکا میں زائرین کی بس کھائی میں گرنے سے خوفناک سانحہ، 21 افراد جاں بحق

کولمبو: سری لنکا کے وسطی پہاڑی علاقے میں ایک المناک حادثے کے دوران بدھ مت کے زائرین کو لے جانے والی بس گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد جاں بحق اور درجنوں شدید زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق یہ دلخراش واقعہ اتوار کی صبح کوٹمالے کے قریب پیش آیا، جو دارالحکومت کولمبو سے تقریباً 140 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والی بس میں 70 کے قریب زائرین سوار تھے، جو ایک مذہبی زیارت کے لیے سفر کر رہے تھے۔سری لنکا کے نائب وزیر برائے ٹرانسپورٹ و ہائی ویز پراسانا گنا سینا نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئی تھیں۔ ان کے مطابق مقامی افراد نے بروقت امدادی کارروائیوں میں حصہ لے کر متعدد افراد کی جان بچائی، جس سے ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھنے سے روکی گئی۔

زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم ابتدائی اندازے کے مطابق ڈرائیور کی غفلت یا بس کی فنی خرابی کو ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔یہ حادثہ سری لنکا میں حالیہ برسوں کے بدترین ٹریفک سانحات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے، جس نے ملک بھر کو سوگوار کر دیا ہے۔