ہر سطح پر مذہبی رواداری اور باہمی احترام کا فروغ ہمارا عزم ہے: مریم نواز

ہر سطح پر مذہبی رواداری اور باہمی احترام کا فروغ ہمارا عزم ہے: مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مذہبی رواداری اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے حکومت ہر سطح پر پرعزم ہے اور عقیدے و مذہب کی بنیاد پر ظلم سہنے والوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

عقیدے اور مذہب کی بنیاد پر تشدد اور نفرت کا نشانہ بننے والے افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں ان تمام مظلوموں کے ساتھ ہیں جو مذہبی تعصب کی بنا پر ظلم و زیادتی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا آج دنیا بھر میں ایک کڑوی اور تلخ حقیقت بن چکا ہے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ مساجد پر حملے، حجاب پہننے والی خواتین پر پابندیاں اور مسلمانوں کو دہشت گردی سے جوڑنے کی روش انسانیت کے لیے ایک داغ ہے۔ انہوں نے فلسطین اور کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ:فلسطین کی زمین آج بھی خونِ شہداء سے سرخ ہے اور معصوم بچوں کی آہیں گولیوں کی گھن گرج میں دب رہی ہیں۔
کشمیر کی وادیاں صدیوں پرانے دکھوں اور مظالم سے لہو لہان ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کشمیر اور غزہ دونوں ہی انسانیت کے ضمیر پر بڑے سوالیہ نشان ہیں جن کا جواب عالمی برادری آج تک دینے سے قاصر ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ دین اسلام امن، محبت اور رواداری کا درس دیتا ہے اور پاکستان ہر اس مظلوم کے ساتھ کھڑا ہے جو مذہبی بنیادوں پر ظلم سہہ رہا ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ "ہر سطح پر مذہبی رواداری اور باہمی احترام کا فروغ ہمارا عزم ہے اور رہے گا۔"