ماحولیاتی تبدیلی عام انسانوں کی زندگیوں پر اثر انداز ہے: یوسف رضا گیلانی

 چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کاوشیں اور بین الاقوامی تعاون ناگزیر :چیئرمین سینیٹ
اسلام آباد(آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پوری دنیا میں محسوس کیے جا رہے ہیں اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کاوشیں اور بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی نہ صرف معیشتوں کو متاثر کر رہی ہے بلکہ براہِ راست عام انسانوں کی زندگیوں پر اثر انداز ہو رہی ہے، اس لیے عالمی یکجہتی اور عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔وہ جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں اٹلی کی ڈوپاسی فاؤنڈیشن کے آٹھ رکنی طلباء وفد سے ملاقات کر رہے تھے۔ چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ اس کی نوجوان نسل ہے جو کل آبادی کا لگ بھگ 60 فیصد ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوان اور ادارے موجودہ دور کے مسائل کے حل میں قائدانہ کردار ادا کریں۔ ۔ انہوں نے پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے تاریخی قانون سازی اور اقدامات کیے۔ اسی طرح سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے کردار کو بھی انہوں نے سراہا۔