’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘درخواستوں کی تعداد 7 لاکھ 55 ہزار سے تجاوز

خصوصی کاؤنٹرز لگائے جائیں گے، 15 لاکھ تک بلا سود قرض فراہم کیا جائے گا
اب تک 79 ارب 34 کروڑ روپے کی خطیر رقم مستحق خاندانوں میں تقسیم کی جا چکی
 اقساط کی مد میں 1 ارب 37 کروڑ روپے کی رقم ریکوری ہو کر خزانے میں جمع ہو چکی
لاہور(آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے تحت ''اپنی چھت اپنا گھر'' پروگرام نے بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے، اور درخواست گزاروں کی تعداد 7 لاکھ 55 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر صدارت اجلاس میں سرکاری اداروں میں کم آمدن ملازمین کے لیے خصوصی مہم کے آغاز اور اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ہاؤسنگ، ڈی جی پھاٹا اسکندر ذیشان اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بریفنگ دی۔وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے بتایا کہ پنجاب ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں، محکمہ صحت، تعلیم اور دیگر محکموں میں خصوصی کاؤنٹرز لگائے جائیں گے، اور کم آمدن والے ملازمین کو گھروں کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ روپے تک بلا سود قرض فراہم کیا جائے گا۔اب تک 79 ارب 34 کروڑ روپے کی خطیر رقم مستحق خاندانوں میں تقسیم کی جا چکی ہے، جبکہ اقساط کی مد میں 1 ارب 37 کروڑ روپے کی رقم ریکوری ہو کر خزانے میں جمع ہو چکی ہے۔