سیلاب متاثرین کوہرممکن تعاون اور مدد کیلئے تیار ہیں:وزیرداخلہ بحرین

 اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بحرین کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل راشد بن عبداللہ الخلیفہ نے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ گفتگو کے دوران بحرینی وزیر داخلہ نے پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔بحرینی وزیر داخلہ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحرین مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کے لیے پاکستان کو ہر ممکن تعاون اور مدد کی پیشکش بھی کی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور تعاون کی پیشکش پر بحرینی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے انتہائی متاثرہ ممالک میں شامل ہے اور حالیہ بارشوں، سیلاب اور کلاوڈ برسٹ سے ہونے والی تباہی الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی۔