ہنگامی صورتحال میں صوبوں کا ساتھ دینگے شہبازشریف
شہباز شریف کا بلاول بھٹو کو ٹیلی فون ‘کراچی میں موسلادھار بارشوں کے باعث سیلاب اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا
‘وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کردی
وزیراعظم نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے بھی رابطہ کیا، ‘خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور جاری امدادی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا‘خالد مقبول صدیقی کو بھی فون کیا
اسلام آباد(آئی این پی)وزیرِاعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے تناظر میں مختلف سیاسی قائدین سے رابطے کئے ہیں۔شہباز شریف نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلی فون کیا اور جنوبی سندھ خصوصا کراچی میں موسلادھار بارشوں کے باعث شہری سیلاب اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے حکومتِ سندھ کو وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور معاونت کی پیشکش کی۔ انہوں نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت دی کہ وہ سندھ حکومت کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو ہر طرح کی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ عوام کو ممکنہ خطرات سے پیشگی آگاہ کیا جائے۔وزیراعظم نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے بھی رابطہ کیا، اور خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور جاری امدادی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے الخدمت فائونڈیشن کی جانب سے بارشوں اور سیلاب کے دوران ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کو سراہا۔اسی طرح وفاقی وزیرِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے بھی وزیراعظم نے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں سندھ میں حالیہ بارشوں اور متوقع بارشوں کے ممکنہ خطرات پر بات چیت کی گئی۔وزیراعظم نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے این ڈی ایم اے اور دیگر وفاقی اداروں کے ذریعے صوبوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔دریں اثناء شہباز شریف نے اسلام آباد میں پاکستان کے پہلے ون ونڈو کاروبار سہولت مرکز کا افتتاح کر دیا۔وزیر اعظم کا کہناہے بزنس سہولت مرکزمیں کسٹمر سے بات چیت کا انداز قابل ستائش ہے، امید ہے کہ نوجوان بی ایف سی کو کامیاب بنائیں گے ۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو مختلف محکموں میں جانا پڑتاتھا، بزنس سہولت مرکز کے قیام سے ایک چھت تلے سہولیات دستیاب ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بزنس سہولت مرکز میں کسٹمر سے بات چیت کا انداز قابل ستائش ہے، بزنس سہولت مرکز میں ایچ آر کا شعبہ نہایت قابل ہے، امید ہے کہ نوجوان بی ایف سی کو کامیاب بنائیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ بی ایف سی کے قیام پر وزیرسرمایہ کاری بورڈ اور ان کی ٹیم کومبارکباددیتاہوں۔انہوں نے کہا کہ بزنس سہولت مرکز میں ایچ آر کا شعبہ انتہائی قابل ہے، بدقسمتی سے اس مرکز کے قیام میں تاخیر ہوئی، مگر دیر آئے درست آئے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بی ایف سی کو ایسا متاثرکن مرکزبنایاجائیکہ لوگ اس کی طرف آناپسند کریں، عالمی معیار کیمطابق سہولیات اور رہنمائی فراہم کی جائے، وقت کی ضرورت ہے کہ ہم اپنے کسٹمرز کو مطمئن کریں۔شہباز شریف نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم کسٹمرز کو مطمئن کریں ، ابتدائی تجربات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں بڑی کامیابی کی بنیاد بن سکتے ہیں