وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سانحۂ کاہنہ میں 14 معصوم بچوں کی جانیں گئیں، اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اجتماعی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔
لاہور میں پیغام امن کمیٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب کوئی شہری گٹر میں گر کر جان سے جاتا ہے تو یہ انتظامیہ کی ذمہ داری بنتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رات کے وقت گٹر کے ڈھکن لگائے جاتے ہیں، تاہم بعض اوقات انہیں چوری کر لیا جاتا ہے، جس سے حادثات جنم لیتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے سرگودھا میں بچی کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی دلخراش سانحہ ہے، جہاں ایک کمسن بچی گھر سے معمولی رقم لے کر نکلی اور اس کے ساتھ سنگین ظلم کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ معصوم بچی کا گلا کاٹ کر اس کی شناخت چھپانے کی کوشش کی گئی، جو ایک بھیانک جرم ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق پنجاب میں تمام ادارے محنت اور لگن کے ساتھ کام کر رہے ہیں، جبکہ امن و امان کے قیام کے لیے کابینہ، آئی جی پنجاب اور انتظامیہ سرگرم عمل ہیں۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ “معرکۂ حق” کی کامیابی پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے، جس کے بعد ملک کو عالمی سطح پر عزت ملی، اور اس کا کریڈٹ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو جاتا ہے۔