ٹریفک پولیس کو چالان کیلئے روزانہ کا ٹارگٹ دینے کا اقدام چیلنج

لاہور(کرائم  رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ ،پنجاب میں ٹریفک پولیس کو چالان کے لیے روزانہ کا ٹارگٹ دینے کا اقدام چیلنج ، درخواست گزار وکیل جمیلہ فاطمہ  نے مئوقف اپنایا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹریفک وارڈنز کو یومیہ 25 چالان کرنے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے،چالان کا مقصد سڑکوں پر نظم و ضبط قائم کرنا ہے نہ کہ اسے ریونیو اکٹھا کرنے کا ذریعہ بنانا،مقررہ ہدف کی بنیاد پر چالان کرنا بدنیتی اور بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے،ٹارگٹ پورا کرنے کے دبائو سے ٹریفک پولیس کی غیر جانبداری ختم اور شہریوں کی ہراسانی بڑھ رہی ہے۔ قبل ازیں  ٹریفک پولیس کو ایک بار پھر چالان ٹارگٹ دے دیا گیا ہے جس کے تحت وارڈنز کو روزانہ 25 چالان کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ظفر عباس نقوی نے ڈی ایس پیز اور سیکٹر انچارجز کو آگاہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ لفٹر انچارجز بھی روزانہ 5 کے بجائے 10 چالان کریں گیایس پی ٹریفک نے مزید کہا کہ لائسنس چیکنگ کیلئے وارڈنز باقاعدہ ناکہ بندی کریں اور روزانہ کی بنیاد پر چالان اور لائسنس ڈائری کی جانچ بھی کی جائے گی۔انہوں نے خبردار کیا کہ غفلت برتنے والے وارڈنز اور پٹرولنگ افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ ڈی ایس پیز اور سیکٹر انچارجز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سستی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کی نشاندہی کریں۔ایس پی ٹریفک کا کہنا تھا کہ چالان ٹارگٹ پورا نہ کرنے والوں کیلئے فیلڈ میں کوئی جگہ نہیں ہوگی۔