گلگت انتخابات: 24 حلقوں کے لیے 664 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع

گلگت انتخابات: 24 حلقوں کے لیے 664 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع

گلگت بلتستان میں 7 جون 2026 کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں، اور کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اہم اعداد و شمار سامنے آ گئے ہیں۔

24 حلقوں پر مشتمل قانون ساز اسمبلی کے لیے مجموعی طور پر 664 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ اس بار انتخابی مقابلہ انتہائی سخت اور دلچسپ ہوگا۔گلگت کے حلقوں میں خاصی گہما گہمی دیکھنے میں آئی، جہاں گلگت 1 سے 34، گلگت 2 سے سب سے زیادہ 58 جبکہ گلگت 3 سے 32 امیدوار میدان میں آ گئے ہیں۔ نگر کے دونوں حلقوں میں بھی بھرپور مقابلہ متوقع ہے، جہاں نگر 1 سے 38 اور نگر 2 سے 30 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے، جبکہ ہنزہ کے واحد حلقے سے بھی 38 امیدوار قسمت آزمائیں گے۔

بلتستان ڈویژن میں اسکردو کے چار حلقوں میں اسکردو 1 سے 33، اسکردو 2 سے 23، اسکردو 3 سے 18 اور اسکردو 4 سے 25 امیدوار سامنے آئے ہیں۔ اسی طرح کھرمنگ سے 21 اور شگر سے 19 امیدوار میدان میں ہیں۔ گانچھے کے تین حلقوں میں بھی مقابلہ دلچسپ ہوگا، جہاں گانچھے 1 سے 15، گانچھے 2 سے 29 اور گانچھے 3 سے 15 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

دیامر اور استور میں بھی مختلف حلقوں میں امیدواروں کی بڑی تعداد سامنے آئی ہے۔ استور 1 سے 19 جبکہ استور 2 سے 57 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا، جو کہ گلگت 2 کے بعد دوسرا بڑا مقابلہ ہے۔ دیامر کے حلقوں میں دیامر 1 سے 29، دیامر 2 سے 15، دیامر 3 سے 14 اور دیامر 4 سے سب سے کم 11 امیدوار میدان میں ہیں۔غذر کے تین حلقوں میں بھی انتخابی سرگرمی عروج پر ہے، جہاں غذر 1 سے 20، غذر 2 سے 42 اور غذر 3 سے 25 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔مجموعی طور پر دیکھا جائے تو گلگت 2 سب سے بڑا انتخابی میدان بن کر سامنے آیا ہے جہاں 58 امیدوار مدمقابل ہوں گے، جبکہ دیامر 4 میں سب سے کم 11 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ یہ اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں اس بار سخت مقابلہ اور بھرپور سیاسی سرگرمی دیکھنے کو ملے گی۔