پیٹ اور کمر پر گہرے زخم، ہسپتال داخل، مالک عثمان علی گرفتار،مقدمہ درج
لاہور(کرائم رپورٹر)ستوکتلہ کے علاقے میں پالتو کتے کے حملے سے 9 سالہ بچہ شدید زخمی ہو گیا۔ جس کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کرکے پولیس نے کتے کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا تفصیلات کے مطابق ستوکتلہ کے علاقے میں کتے نے بچے کو کاٹ کر لہولہان کر دیا جس کے نتیجے میں اس کے پیٹ اور کمر پر گہرے زخم آئے ستوکتلہ پولیس نے 15 پر موصول کال پر فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا اور زخمی بچے کو طبی امداد کیلئے منتقل کر کے بچے کے والد محمد اعجاز کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے کتے کے مالک عثمان علی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف غفلت برتنے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور کیس کو مزید تفتیش کیلئے انویسٹیگیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اس حوا لے سے ایس پی صدر رانا حسین طاہر کا کہنا تھا کہ پالتو جانوروں کی مناسب دیکھ بھال نہ کرنا انسانی جانوں کیلئے خطرہ بن سکتا ہے، شہری اپنے پالتو جانوروں کو محفوظ رکھنے اور دوسروں کیلئے نقصان دہ نہ بننے دینے کی ذمہ داری پوری کریں۔