پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم چھٹی بار آئی سی سی ورلڈکپ کا حصہ بنے گی

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم چھٹی بار آئی سی سی ورلڈکپ کا حصہ بنے گی

لاہور: پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2025 کے لیے شاندار انداز میں کوالیفائی کر لیا ہے۔

 فاسٹ بولر فاطمہ ثنا کی قیادت میں گرین شرٹس نے ورلڈکپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے تمام میچز میں کامیابی حاصل کی۔لاہور میں 9 سے 19 اپریل 2025 تک منعقدہ اس ٹورنامنٹ میں میزبان پاکستان کے ساتھ ویسٹ انڈیز، بنگلا دیش، تھائی لینڈ، اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ نے شرکت کی۔ یہ سنگل لیگ فارمیٹ پر کھیلا گیا جہاں ہر ٹیم نے ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک میچ کھیلا۔ پاکستان نے اپنے تمام میچز جیت کر پہلے نمبر پر جگہ بنائی جبکہ بنگلادیش نے بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر ویسٹ انڈیز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی اور ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کیا۔آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2025 کا 13واں ایڈیشن بھارت میں 29 ستمبر سے 26 اکتوبر کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس عالمی ایونٹ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، میزبان بھارت، پاکستان، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، سری لنکا، انگلینڈ اور بنگلادیش کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سید محسن رضا نقوی نے حال ہی میں خواتین کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی اور انہیں کامیابی پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر انہوں نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اگلے مرحلے میں بہتر کھیل پیش کرنے کی امید ظاہر کی، تاہم ساتھ ہی انہوں نے واضح کر دیا کہ موجودہ حالات میں پاکستان ویمنز ٹیم بھارت میں ورلڈکپ کھیلنے نہیں جائے گی، کیونکہ یہ فیصلہ حکومت کی پالیسی اور سیکیورٹی صورتحال سے مشروط ہے۔

پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے اب تک چھ مرتبہ آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ پہلی بار 1997 میں بھارت میں ہونے والے ایونٹ میں شرکت کی تھی، جس میں پاکستان کی ٹیم آخری نمبر پر رہی۔ 2009 میں آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم نے بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے پانچویں پوزیشن حاصل کی، مگر بعد کے تین ایونٹس 2013، 2017 اور 2022 میں ٹیم آٹھ ٹیموں کے درمیان آٹھویں نمبر پر رہی۔پاکستانی خواتین کرکٹ کا مستقبل روشن دکھائی دیتا ہے، خاص طور پر کوالیفائر میں نوجوان کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی نے نئی امیدیں جگا دی ہیں۔ تاہم بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں شرکت پر غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، جس پر آئی سی سی اور پی سی بی کے درمیان مشاورت جاری ہے۔