وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ معاشی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
بلوم برگ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان جلد ہی ایک سرکاری وفد کو امریکا بھیجے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی روابط کو مزید بڑھایا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان امریکا سے کپاس اور سویا بین کی خریداری میں اضافہ چاہتا ہے اور اس کے علاوہ غیر ٹیرف رکاوٹوں کو ختم کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت جاری ہے تاکہ امریکی مصنوعات کے لیے پاکستانی منڈیوں کے دروازے کھل سکیں۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اگر پاکستانی منڈیوں میں امریکی مصنوعات پر غیر ضروری جانچ پڑتال یا رکاوٹیں ہیں تو ان کا جائزہ لیا جائے گا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان امریکا میں سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہتا ہے، خاص طور پر کان کنی اور معدنیات کے نئے شعبوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی مالیاتی منڈیوں سے سرمایے کے حصول کے لیے رجوع کرے گا تاکہ ملک کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ وزیر خزانہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو معاشی اتار چڑھاؤ سے نکال کر مستحکم ترقی کی راہ پر ڈالنا حکومت کی ترجیح ہے۔