سعودی عرب روانگی سے قبل مودی کی شہزادہ محمد بن سلمان کی خوشامد

سعودی عرب روانگی سے قبل مودی کی شہزادہ محمد بن سلمان کی خوشامد

ویب ڈیسک: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت اور وژن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان پر گہرا تاثر چھوڑ چکے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نریندر مودی نے عرب نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں سعودی عرب کو بھارت کا "قابلِ قدر شراکت دار اور بااعتماد اتحادی" قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور سعودی عرب کے تعلقات میں لامحدود امکانات ہیں اور دونوں ممالک کا رشتہ نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔وزیراعظم مودی نے کہا، "جب بھی شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی، ان کی سوچ، وژن اور اپنے عوام کی فلاح کے لیے ان کے عزم نے مجھ پر گہرا اثر ڈالا۔ ان کی قیادت میں سعودی عرب میں جو سماجی و معاشی تبدیلیاں آئی ہیں، وہ نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر کے لیے متاثر کن ہیں۔"انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کا وژن 2030 ایک طاقتور منصوبہ ہے، جو مختصر مدت میں ہی زبردست تبدیلیاں لا رہا ہے، جس سے عالمی سطح پر بھی دلچسپی پیدا ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ نریندر مودی چار دہائیوں میں سعودی عرب کا دورہ کرنے والے پہلے بھارتی وزیراعظم ہیں۔ ان سے قبل 1982 میں سابق وزیراعظم اندرا گاندھی نے جدہ کا دورہ کیا تھا۔ مودی کے تمام سابقہ دورے سعودی دارالحکومت ریاض تک محدود تھے۔مودی کے تازہ ترین دو روزہ دورۂ سعودی عرب کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری، توانائی، خلائی ٹیکنالوجی، اور ڈیجیٹل معیشت سمیت کئی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو متوقع ہے۔