لندن:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت کی ناسازی کے باعث ان کا لندن میں قیام طویل ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کی صحت مکمل طور پر بحال نہ ہونے کے باعث ان کے لندن کے ایک کلینک میں مزید چیک اپ کیے جائیں گے۔ ان کی واپسی کی جو ٹکٹ پہلے سے بک تھی، اس کی تاریخ مؤخر کر دی گئی ہے۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی طبیعت مسلسل زیر معائنہ ہے اور معالجین نے انہیں مزید آرام کا مشورہ دیا ہے۔اس دوران لندن میں مقیم ن لیگ کے کارکنوں کی جانب سے نواز شریف کو ایک پارٹی کنونشن میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی ہے، تاہم شرکت کا فیصلہ ان کی صحت کی صورتحال دیکھ کر کیا جائے گا۔نواز شریف حالیہ مہینوں میں پاکستان کے سیاسی منظرنامے میں متحرک کردار ادا کر رہے تھے، تاہم موجودہ صورتحال میں ان کی مصروفیات محدود ہو گئی ہیں۔ پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی صحت اولین ترجیح ہے اور ان کی واپسی کا فیصلہ طبی معائنے کی رپورٹ کے بعد کیا جائے گا۔