انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم راجستھان رائلز ایک نئے تنازعے کی زد میں آگئی ہے، جہاں راجستھان کرکٹ ایسوسی ایشن کی ایڈہاک کمیٹی کے کنوینر جے دیپ نے ٹیم پر میچ فکسنگ کا سنگین الزام عائد کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جے دیپ کا کہنا ہے کہ راجستھان رائلز اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے درمیان حالیہ میچ مکمل طور پر "فکسڈ" تھا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ "یہ میچ تو بچوں کو بھی فکس لگ رہا تھا، ہوم گراؤنڈ پر چند رنز کے ہدف کے باوجود شکست سمجھ سے بالاتر ہے۔"جے دیپ نے مزید کہا کہ ان کی تقرری ریاستی حکومت کی جانب سے کی گئی ہے اور ان کے مطابق یہ میچ شفاف نہیں تھا۔ واضح رہے کہ اس میچ میں لکھنؤ سپر جائنٹس نے راجستھان رائلز کو صرف 2 رنز سے شکست دی تھی، جس پر مداحوں اور مبصرین کی جانب سے بھی حیرت کا اظہار کیا گیا تھا۔تاہم ابھی تک راجستھان رائلز یا آئی پی ایل انتظامیہ کی طرف سے ان الزامات پر کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا۔ اگر یہ الزامات مزید شدت اختیار کرتے ہیں تو ممکنہ تحقیقات کا آغاز بھی کیا جا سکتا ہے، جس سے لیگ کی شفافیت پر سوالات کھڑے ہو سکتے ہیں۔