اسلام آباد میں ایک اہم منصوبے کے تحت جناح اسکوائر مری روڈ پر انڈر پاس کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے، جس کا مقصد شہر کی ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا ہے۔
اس منصوبے کا مقصد اسلام آباد ایئرپورٹ سے مری تک کا سگنل فری کوریڈور فراہم کرنا ہے، جو نہ صرف آمدورفت کو آسان بنائے گا بلکہ سیاحوں کو مری پہنچنے میں بھی سہولت فراہم کرے گا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس منصوبے کا دورہ کیا اور جاری کام کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کو صرف 35 دن میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اور اس دوران تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں کی آمدورفت پر کسی قسم کی مشکلات سے بچنے کے لیے متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی ہدایت بھی دی۔
انڈر پاس کا منصوبہ 479 میٹر طویل ہے اور تین ٹریفک لینز کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، منصوبے کے تحت ملحقہ پل کو بھی چوڑا کیا جا رہا ہے، جس میں ہر طرف دو اضافی لینز شامل کی جائیں گی۔ مزید برآں، چار ملحقہ سلپ روڈز کو بھی کشادہ کیا جائے گا تاکہ ٹریفک کی روانی میں مزید بہتری آئے۔اس منصوبے کے مکمل ہونے سے اسلام آباد کے مجموعی ٹریفک نظام میں بہتری آئے گی اور ایندھن کی بچت بھی ممکن ہو سکے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ منصوبہ وقت پر مکمل کر لیا جائے گا اور اس سے نہ صرف شہر کی ٹریفک کی صورتحال بہتر ہوگی بلکہ برسوں پرانے ٹریفک جام کے مسائل کو بھی حل کیا جائے گا۔