شہر کے مصروف علاقے کینال روڈ پر واقع مال روڈ انڈر پاس میں ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں ایک تیز رفتار موٹر سائیکل گاڑی سے ٹکرا گئی۔
تفصیلات کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار خطرناک اوورٹیکنگ اور تیز رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف گاڑیوں کو کراس کر رہا تھا۔ اسی دوران وہ انڈر پاس میں داخل ہوا جہاں موٹر سائیکل بے قابو ہو کر سامنے جانے والی کار کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی۔حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر ریسکیو ٹیموں نے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمی شخص کے دانت اور ہاتھ کی کلائی ٹوٹ گئی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق کار سوار محفوظ رہا تاہم گاڑی کو نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کر لیا اور بعد ازاں ٹریفک بحال کر دی گئی۔