لاہور: جناح اسپتال انڈر پاس کے قریب چلتی گاڑی میں آگ لگ گئی

لاہور: جناح اسپتال انڈر پاس کے قریب چلتی گاڑی میں آگ لگ گئی

لاہور: کینال روڈ پر جناح اسپتال انڈر پاس کے قریب ایک گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

 واقعہ بدھ کی صبح پیش آیا جب گاڑی میں اچانک دھواں اٹھا اور دیکھتے ہی دیکھتے شعلوں نے پورے ڈھانچے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا اور ممکنہ بڑا نقصان ہونے سے بچا لیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ گاڑی میں شارٹ سرکٹ اور انجن کا زیادہ گرم ہونا بتایا جا رہا ہے۔ خوش قسمتی سے گاڑی کا ڈرائیور واقعے سے کچھ لمحے قبل ہی باہر نکل آیا تھا جس کے باعث وہ کسی جانی نقصان سے محفوظ رہا۔

واقعے کے بعد ٹریفک کی روانی کچھ دیر کے لیے متاثر ہوئی، تاہم ریسکیو ٹیموں اور ٹریفک پولیس کی بروقت کارروائی سے صورتحال جلد معمول پر آ گئی۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ آگ لگنے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق شہریوں کو گاڑیوں کی بروقت سروسنگ اور الیکٹریکل سسٹمز کی جانچ پڑتال کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ اس قسم کے واقعات سے بچا جا سکے۔