لاہور کے علاقے سندر میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لڑکی سے زیادتی کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری واقعے کی اطلاع ملنے کے چند گھنٹوں کے اندر عمل میں لائی گئی۔ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت علی حسن کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے مبینہ طور پر لڑکی کو ڈرا دھمکا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ایس پی صدر کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی سندر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور ملزم کی تلاش شروع کردی۔ پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور دستیاب شواہد کی مدد سے ملزم کو ٹریس کیا اور چند گھنٹوں میں گرفتار کرلیا۔پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے، جہاں واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور تفتیش کے دوران سامنے آنے والے شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔ متاثرہ لڑکی کے بیان اور دیگر شواہد کو بھی تفتیش کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔