لاہور(شوبز ڈیسک)پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ و گلو کارہ ملکہ ترنم نورجہاں کا100واں یوم پیدائش آج ( پیر)21ستمبر کومنایاجائے ۔ ملکہ ترنم نور جہاں 21ستمبر 1926کو قصور میں پیدا ہوئیں، ان کا اصل نام اللہ وسائی جبکہ نور جہاں ان کا فلمی نام تھا۔ ان کے یوم پیدائش کے سلسلہ میں ان کے اہل خانہ اور مداح ان کی سالگرہ کے کیک کاٹیں گے۔انہوں نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز 1935 میں پنڈ دی کڑی سے کیا۔1957 میں انہیں شاندار پرفارمنس کے باعث صدارتی ایوارڈ تمغہ امتیاز اور بعد ازاں پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا۔ 1965کی جنگ میں ا نہوں نے میرے ڈھول سپاہیا، اے وطن کے سجیلے جوانوں، ایہہ پتر ہٹاں تے نئی وکدے، او ماہی چھیل چھبیلا، یہ ہواں کے مسافر، رنگ لائے گا شہیدوں کا لہو، میرا سوہنا شہر قصورنیں سمیت بے شمار ملی نغمے گا کر قوم اور فوج کے جوش و ولولہ میں اضافہ کیا۔ انہوں نے مجموعی طور پر 10ہزار سے زائد غزلیں و گیت گائے جن میں ان کا سب سے پہلا گانا مجھ سے پہلی سی محبت میرے محبوب نہ مانگ بے پنا ہ مقبول ہوا جس نے ملکہ ترنم کو کامیابیوں کے نئے سفر پر گامزن کر دیا۔ملکہ ترنم نے کئی فلموں میں کامیاب اداکاری و گلوکاری کے جو ہر دکھائے جن میں ایماندار، پیام حق، سجنی،یملا جٹ، چوہدری، ریڈ سگنل، سسرال، چاندنی، دھیرج، فریاد، خاندان، نادان، دہائی، نوکر، لال حویلی، دوست، زینت، گائوں کی گوری، بڑی ماں، بھائی جان، انمول گھڑی، دل، ہمجولی، صوفیہ، جادوگر، مرزاصاحباں، انار کلی،لخت جگر، پاٹے خان، چھومنتر، نیند، کوئل وغیرہ شامل ہیں۔ملکہ ترنم نور جہاں 23دسمبر 2000کو 74برس کی عمر میں انتقال پا گئی تھیں۔