کیمپ ڈیوڈ میں قیام مختصر ، وائٹ ہاؤس واپس پہنچ گئے، حوثیوں کیخلاف حملوں کے مختلف ممکنہ آپشنز پر غور
واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یمن کے حوثیوں کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے مختلف آپشنز کا جائزہ لیا ہے اور اسی سلسلے میں کیمپ ڈیوڈ میں قیام مختصر کرکے وائٹ ہاؤس واپس پہنچ گئے۔رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے کیمپ ڈیوڈ میں حوثیوں کے خلاف حملوں کے مختلف ممکنہ آپشنز پر غور کیا۔ تاہم امریکی حکام کی جانب سے کسی حتمی فوجی فیصلے کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، سعودی حکام کے مطابق ریاض کی جانب آنے والے ایک بیلسٹک میزائل کو روک لیا گیا، جبکہ حوثیوں نے سعودی دارالحکومت میں حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ اور خطے میں قائم امریکی سفارتی مشنز نے مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی شہریوں کے لیے سکیورٹی الرٹ جاری کیا ہے، امریکی شہریوں کو ممکنہ فضائی پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی بندش اور سفری رکاوٹوں کے حوالے سے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔