سرکاری ملازمین کا سالانہ ڈیٹا جمع کرنے کا فیصلہ، چار فارم ارسال

وزارتوں، ڈویڑنوں، محکموں کو یکم جولائی 2025تک ڈیٹا جلد بھجوانے کی ہدایت 
منظور شدہ اسامیاں،موجودہ تعداد، مذہب اور ڈومیسائل کے مطابق تفصیلات طلب 
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)حکومت نے وفاقی وزارتوں، ڈویڑنوں، محکموں کے ملازمین کا سالانہ ڈیٹا جمع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے یکم جولائی 2025 تک ملازمین کا ڈیٹا بھجوانے کی ہدایت دی ہے اور چار فارم بھجوائے ہیں جن پر ملازمین کے حوالے سے تفصیل اور اعداد و شمار طلب کیے گئے ہیں۔ فارم ون میں وفاقی وزارتوں سے گریڈ 1 تا گریڈ 22 کے ملازمین اور ایس پی پی ایس ،ایم پی سکیل کی منظور شدہ اسامیوں کی تعداد اور یکم جولائی 2025 تک تعداد اور ڈومیسائل کے مطابق ملازمین کی تفصیل طلب کی ہے۔ فارم ٹو میں مذہب کے مطابق تعداد اور ڈومیسائل کے مطابق مسلمان، عیسائی، مسیحی، ہندو، سکھ سمیت دیگر مذاہب کے مرد و خواتین ملازمین کی تعداد طلب کی گئی۔ تیسرے فارم میں عہدے اور اسامی کے مطابق 1 تا 22 گریڈ کے افسران و ملازمین کی منظور شدہ تعداد، موجودہ تعداد اور خالی اسامیوں کی تعداد طلب کی گئی ہے، معذوری کے شکار ملازمین کی تعداد طلب کی گئی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے چوتھے فارم میں وفاقی وزارتوں، محکموں سے مختلف سروس گروپ، آکوپیشنل گروپ کے 17 تا 22 گریڈ کے افسران کی منظور شدہ اسامیوں ، موجودہ افسران اور خالی اسامیوں کی تعداد طلب کی گئی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے وزارتوں، ڈویڑنوں اور محکموں کو چاروں فارمز کے مطابق تفصیل اور اعداد وشمار جلد بھجوانے کے احکامات دیئے ہیں۔