خواتین اقلیتوں اور خصوصی افراد کے کوٹے کی تفصیلات بھی دینا ہوں گی: ایف بی آر
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ایف بی آر نے تمام سرکاری ملازمین کا ڈیٹا 27 اکتوبر تک طلب کر لیا۔ خواتین اقلیتوں اور خصوصی افراد کے کوٹے کی تفصیلات بھی دینا ہوں گی۔ ایف بی آر نے وفاقی سیکرٹریٹ میں سندھ کے کوٹے کے تحت خالی اسامیوں کی تفصیلات بھی مانگ لیں۔ایف بی آر نے تمام متعلقہ افسروں سے یکم جولائی 2026 تک کا ملازمین کا سرکاری ڈیٹا مانگ لیا۔ مطلوبہ معلومات 27 اکتوبر تک فراہم کرنیکی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔ میرٹ پر بھرتی ہونے والی خواتین کی تعداد، عہدوں اور 10 فیصد کوٹے کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔اقلیتوں کے 5 فیصد کوٹے، اس کے تحت منظور شدہ، پْر اور خالی آسامیوں کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔ کہا معذورافراد کے دو فیصد کوٹے کا ریکارڈ بھی فراہم کیا جائے۔ سرکلر میں ایف بی آرنے ڈیٹا کے معاملے کو انتہائی فوری قرار دیا ہے۔دوسری جانب ایف بی آر نے سندھ کی شہری اور دیہی نشستوں کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔ نوٹس میں 4 ماہ سے زائد تاخیر پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا کہ متعدد یاد دہانیوں کے باوجود سندھ کے شہری اور دیہی کوٹے کا ریکارڈ فراہم نہیں کیا جا سکا۔