ڈینگی لاروا کی تلفی کے اقدامات غیر مئوثر،علامہ اقبال ،داتا گنج بخش ، عزیز بھٹی ، گلبرگ ،سمن آباد ، شالامار زون متاثر
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور میں ایک بار پھر ڈینگی مچھر کے وار بڑھنے لگے، مچھر مار مہم اور لاروا تلفی کے اقدامات غیر مئوثر ثابت ہو رہے ہیں۔ ڈینگی بخار کے مزید 9 نئے مریض رپورٹ ہونے سے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق علامہ اقبال زون میں3 اور داتا گنج بخش زون سے 2، عزیز بھٹی ، گلبرگ ،سمن آباد اور شالامار زون سے ایک ایک مریض رپورٹ ہوا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں لاروا تلفی کی کارروائیاں جاری ہیں تاہم حکومتی مہم کی سست رفتاری کے باعث مچھر کی افزائش پر مئوثر قابو نہیں پایا جا سکا۔شہریوں نے متعلقہ اداروں سے صفائی اور سپرے مہم تیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔