علیمہ خان کو مسلسل تیسری بار عدم پیشی پر گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم
راولپنڈی، اسلام آباد ، لاہور (خصوصی رپورٹ ) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما محمود قریشی سمیت دیگر ملزموں کے خلاف جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت سکیورٹی خدشات کی بنا پر کسی کارروائی کے بغیر 22 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے جبکہ 26 نومبر کے احتجاج پر تھانہ صادق آباد کے مقدمہ میں مسلسل عدم حاضری پر عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے تیسری مرتبہ وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ایس پی راولڈویژن کو حکم دیا ہے کہ ملزمہ کو گرفتار کر کے 22 اکتوبر کو عدالت میں پیش کریں۔گزشتہ روز جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہونا تھی تاہم راولپنڈی میں کرکٹ میچ کے باعث سکیورٹی وجوہات کو مدنظر رکھتے ہوئے عدالت نے سماعت ملتوی کردی جبکہ 26 نومبر کے احتجاج پر تھانہ صادق آباد میں درج مقدمہ میں نامزد علیمہ سمیت 11 ملزموں کے خلاف سماعت کے موقع پر علیمہ خانم ایک بار پھر عدالت میں پیش نہ ہوئیں ملزمہ کی جانب سے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی کوئی درخواست بھی نہ دی گئی۔سماعت کے دوران پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزمہ کا رویہ انصاف کی فراہمی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ ملزمہ دانستہ طور پر عدالتی کارروائی پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔ عدالت نے پراسیکیوشن کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے علیمہ خانم کی عدم حاضری پر تیسری مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے ساتھ ملزمہ کے ضامن عمر شریف کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔ادھر انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی کے سنگجانی جلسے پر درج مقدمات میں عمر ایوب، زین قریشی، زرتاج گل اور علی بخاری کیناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔عدالت نے پی ٹی آئی رہنمائوں کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے بانی کی نااہلی پر فیض آباد کے مقام پر ہونے والے احتجاج کے کیس میں آئندہ سماعت پر استغاثہ کے مزید گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری کی 10 سال کی سزا کے خلاف اپیل پر سپیشل پراسیکیوٹر کو تیاری کے لیے مہلت دے دی۔دوسری جانب، لاہور ہائیکورٹ میں 51 مجرموں کی نو مئی کے مقدمے میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے سپیشل پراسیکیوٹر کو تیاری کے لیے مہلت دے دی۔جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نیجناح ہائوس حملہ کے مقدمے کے ٹرائل میں پیش نہ ہونے کے کیس میں پولیس کو اشتہار شائع کرکے رپورٹ پیش کرنے کیلئے 30 اکتوبر تک مہلت دیدی،عدالت نے تین پی ٹی آئی رہنمائوں عالیہ حمزہ، صنم جاوید اور عائشہ بھٹہ کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر رکھی ہے۔