ویب ڈیسک : سانائے تاکائچی جاپان کی نئی وزیراعظم منتخب ہوگئیں، وہ جاپان کی پہلی خاتون وزیراعظم ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق، 465 ارکان پارلیمنٹ میں سے 237 نے سانائے تاکائچی کو ووٹ دیا۔ انہیں وزیراعظم منتخب ہونے کے لیے کم از کم 233 ووٹ درکار تھے۔سانائے تاکائچی ایک سابقہ ٹی وی اینکر ہیں اور ماضی میں ایک میوزک بینڈ میں ڈرمز بجایا کرتی تھیں۔ انہوں نے سنہ 1993 میں جاپانی سیاست میں قدم رکھا اور بطور آزاد امیدوار ایوانِ زیریں کی نشست جیتنے میں کامیاب رہیں۔رپورٹس کے مطابق انہوں نے 1992 میں اپنے پہلے پارلیمانی الیکشن میں آزاد حیثیت سے حصہ لیا، مگر ناکام رہیں، ایک سال بعد آزاد رکن کے طور پر منتخب ہوئیں اور پھر سنہ 1996 میں لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) میں شامل ہو گئی۔
تب سے وہ 10 بار رکن اسمبلی منتخب ہو چکی ہیں اور صرف ایک بار انتخابی شکست کا سامنا کیا۔ سیاست میں ایک متحرک اور قدامت پسند آواز کے طور پر شہرت حاصل کرنے والی، وہ اعلیٰ حکومتی عہدوں پر بھی فائز رہ چکی ہیں جن میں وزیر برائے اقتصادی تحفظ، تجارت و صنعت، داخلہ اور مواصلات شامل ہیں۔