کراچی(آئی ا ین پی )سندھ ہائیکورٹ نے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کے شریک ملزم عبد العزیز کی 6 مقدمات میں درخواست ضمانت مسترد کردی۔سندھ ہائیکورٹ میں عزیر بلوچ کے شریک ملزم عبد العزیز کی 6 مقدمات میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی جس دوران اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر رانا خالد نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزم 13 سال تک کیسز میں مفرور رہا لہذا ضمانت کا حق دار نہیں ہے۔رانا خالد نے کہا کہ ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر پولیس کی بکتر بند گاڑی پر حملہ کیا تھا جس سے بکتر بند تباہ ہوگئی تھی اور ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا تھا۔اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم سے برآمد اسلحہ 5 مقدمات میں ملنے والے خول سے میچ ہوا ہے جب کہ ملزم کا ساتھی عزیر بلوچ جیل میں ہے۔اس پر ملزم کے وکیل نے کہا کہ ملزم پر لگائے گئے الزامات غلط ہیں ملزم کے خلاف شواہد ناکافی ہیں۔پولیس نے کہا کہ ملزمان کے خلاف لیاری کے مختلف تھانوں میں 6 مقدمات درج ہیں جس میں ملزمان پر پولیس اہلکار کے قتل سمیت متعدد الزامات ہیں۔بعد ازاں عدالت نے ملزم کی 6 مقدمات میں ضمانت کی درخواست کو مسترد کردیا۔