(توشہ خانہ کیس ٹو ) عمران خان کی ضمانت ،رہائی کا حکم
عمران خان کی 10لاکھ رکے مچلکے اور دو ضامن کے عوض ضمانت منظورکی جاتی ہے، درخواست گزار ٹرائل کورٹ میں ہر سماعت پر حاضر ہوگا ‘ضمانت کا غلط فائدہ اٹھائے تو استغاثہ ضمانت واپس لینے کی درخواست دے سکتاہے
بانی پی ٹی آئی اور بیوی نے فائدہ اٹھایا:پراسیکیوٹر جنرل‘ بانی پی ٹی آئی کو کیسے فائدہ ہوا؟جج‘بیوی کو فائدہ ملا تو شوہر کا بھی فائدہ ہوا:پراسیکیوٹر‘ او پلیز! میری بیوی کی چیزیں میری نہیں ہیں، ہم پتہ نہیں کس دنیا میں ہیں:ریمارکس
اسلام آباد (آن لائن‘مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس ٹو میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور کرتے ہوے ان کی رہائی کا حکم جاری کر دیا۔ عدالت کے جج جسٹس گل حسن اورنگزیب نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا۔ بانی پی ٹی آئی کو دس د س لاکھ ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت دی گئی ہے۔ دوران سماعت ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ عدالت جو بھی فیصلہ کرے لیکن میڈیا میں پہلے سے ہے ضمانت ہو جائے گی جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا میڈیا سے خود کو مستثنیٰ کر لیں۔ جسٹس گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے میڈیا میں کہا جاتا ہے کہ جان کر بیمار ہو گیا، جان کر نہیں آیا، میڈیا اگر سنسنی نہیں پھیلائے گا تو ان کا کاروبار کیسے چلے گا؟ عدالت نے وکیل صفائی سے استفسار کیا انہوں نے جیولری سیٹ کا تخمینہ کیسے لگایا؟ جس پر بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ یہ تو عدالت میں استغاثہ بتائے گی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے پوچھا چالان میں رسید بشریٰ بی بی کی ہے یا عمران خان کی؟ جس پر بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ چالان میں رسید پر بشریٰ بی بی کا نام ہے، صہیب عباسی کو اس کیس میں وعدہ معاف گواہ بنایا گیا ہے جبکہ انعام اللہ شاہ کو استغاثہ نے گواہ بنایا ہے وہ وعدہ معاف گواہ نہیں ہیں۔ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے دلائل دیئے کہ بلغاری سیٹ توشہ خانہ میں جمع ہی نہیں کرایا گیا، ریاست کے تحفے کی کم قیمت لگوا کر ریاست کو نقصان پہنچایا گیا، بانی پی ٹی آئی اور انکی بیوی دونوں نے فائدہ اٹھایا۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پوچھا کہ بانی پی ٹی آئی کو کیسے فائدہ ہوا؟ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ جب بیوی کو فائدہ ملا تو شوہر کا بھی فائدہ ہوا۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ او پلیز! میری بیوی کی چیزیں میری نہیں ہیں، ہم پتہ نہیں کس دنیا میں ہیں۔ بعدازاںعمران خان کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت منظور کرنے کا مختصر حکم نامہ جاری کردیا گیا۔ ایک صفحہ پر مشتمل حکم نامہ میں جج نے کہا ہے کہ عمران خان کی دس لاکھ روپے مالیتی مچلکے اور دو ضامن کے عوض ضمانت منظورکی جاتی ہے،درخواست گزار ضمانت کا غلط فائدہ نہیں اٹھائے گا، درخواست گزار ٹرائل کورٹ میں پر سماعت پر حاضر ہوگا جب تک کہ عدالت استثنی نہ دے۔رخواست گزار ضمانت کا غلط فائدہ اٹھائے تو استغاثہ ضمانت واپس لینے کی درخواست دے سکتاہے