ایران کا آبنائے ہرمز میں 58 واں امریکی ایم کیو 9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

ایران کا آبنائے ہرمز میں 58 واں امریکی ایم کیو 9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے آبنائے ہرمز کی فضائی حدود میں امریکی فوج کا ایک اور جدید ایم کیو 9 (MQ-9) ڈرون مار گرایا ہے۔

 ایرانی حکام کے مطابق یہ امریکا کا 58 واں ڈرون ہے جسے تباہ کیا گیا ہے۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے فضائی دفاعی شعبے نے آبنائے ہرمز کی فضائی حدود میں ڈرون کو نشانہ بنا کر تباہ کیا۔ ایرانی بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی فضائی حدود کی نگرانی اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے سلسلے میں کی گئی۔ایرانی حکام اس سے قبل بھی آبنائے ہرمز اور اس کے قریبی علاقوں میں امریکی ڈرونز مار گرانے کے دعوے کر چکے ہیں۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق تازہ کارروائی کے بعد تباہ کیے گئے امریکی ڈرونز کی تعداد 58 ہوگئی ہے۔ایم کیو 9 ریپر امریکی فوج کا جدید بغیر پائلٹ طیارہ ہے، جسے نگرانی، انٹیلی جنس معلومات جمع کرنے اور فوجی کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ ڈرون طویل وقت تک پرواز کرنے اور دور دراز علاقوں میں نگرانی کی صلاحیت رکھتا ہے۔

دوسری جانب تاحال امریکی فوج یا پینٹاگون کی جانب سے ایرانی دعوے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جس کے باعث ڈرون مار گرائے جانے اور اسے 58 واں امریکی ڈرون قرار دینے کے دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان فوجی کشیدگی برقرار ہے اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت اور سکیورٹی کی صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔